مچھ متاثرین سے ملاقات: بلیک میلنگ کا جملہ پی ڈی ایم کیلیے کہا، وزیراعظم

کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان سے کوئٹہ میں جاں بحق محنت کشوں کے لواحقین نے ملاقات کی۔
وزیراعظم عمران خان نور خان ایئربیس راولپنڈی سے خصوصی طیارے پر کوئٹہ پہنچے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
عمران خان کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ ہاوٴس میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید، صوبائی وزرا، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، آئی جی پولیس، آئی جی ایف سی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم سے وزیراعلیٰ بلوچستان نے علیحدہ ملاقات کی اور سانحہ مچھ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
اس کے بعد وزیراعظم عمران خان سے مچھ کے متاثرین اور شہدا کمیٹی نے سردار بہادر خان یونیورسٹی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ہزارہ کمیونٹی کے عمائدین، مجلس وحدت المسلمین کے رہنما سید آغا رضا اور مشیر کھیل عبدالخالق ہزارہ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے انہیں سانحے کے قاتلوں کو پکڑنے کی حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا اور مالی پیکیج کے بارے میں بھی بتایا۔

وزیراعظم عمران سے ملاقات کے بعد رہنما شہدا کمیٹی سید آغا رضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات میں وزیراعظم سے بلیک میلنگ والے جملے پر احتجاج ریکارڈ کیا گیا، وزیراعظم نے وضاحت کی کہ بلیک میلنگ والا جملہ پی ڈی ایم کے قائدین سے متعلق کہا تھا، انہوں نے تمام مطالبات پر عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، شہداء کے لواحقین کو فی کس 25 لاکھ روپے دیا گیا ہے، صوبائی حکومت نے 15،15 لاکھ ادا کردیے ہیں، 10،10 لاکھ کی ادائیگی باقی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزرا علی زیدی، زلفی بخاری، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، بلوچستان کے وزیراعظم جام کمال خان پر مشتمل وفد نے ہزارہ برادری سے ملاقات کی اور دھرنا ختم کرنے کے لیے کامیاب مذاکرات کیے تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔