دوسرا ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کی پوزیشن مضبوط!
کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ اور پاکستان کے مابین کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم 297 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے دوسرے روز کے اختتام تک 3 وکٹ پر 286 رنز بنالیے۔
کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں کھیلے جارہے میچ کے پہلے دن قومی ٹیم 297 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی اور دوسرے روز کے اختتام پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن 112 اور ہنری نکولس 89 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
نیوزی لیںڈ کی جانب سے ٹام لیتھم 33، ٹام بلنڈل 16 اور روز ٹیلر 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، تاہم کپتان کین ولیمسن نے ایک بار پھر ایک بیٹنگ کلاس دکھاتے ہوئے مسلسل دوسری اور ٹیسٹ کیریئر کی 24ویں سنچری اسکور کی، اس دوران ہنری نکولس نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر ایک بار پھر ناکام ثابت ہوا، شان مسعود کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے، عابد علی 25، حارث سہیل 1 رنز بناکر پویلین لوٹے، پچھلے میچ کے سنچری میکر فواد عالم بھی صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
کپتان محمد رضوان اور اظہر علی نے ذمے داری کا ثبوت دیتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں، تاہم اظہر علی نروس نانئینٹز کا شکار ہوکر 93 رنز پر آؤٹ ہوئے، محمد رضوان نے 61 رنز کی اننگز کھیلی۔ فہییم اشرف نے اپنی آل راؤنڈر کارکردگی میں تسلسل دکھاتے ہوئے 48 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ظفر گوہر نے بھی 34 رنز اسکور کیے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کائلز جمیسن نے 5، ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پہلے ہی ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔