آٹا، چینی، دال کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کیلیے ہر قدم اٹھایا جائے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ آٹا، چینی، دال کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کے لیے ہر قدم اٹھایا جائے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجیحاتی شعبوں کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا، جس میں معاونِ خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز بھی وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
عمران خان نے نیشنل سیکیورٹی ڈویژن کی طرف سے تیار کردہ آن لائن ایگری ڈیش بورڈ کی منظوری دی جو اشیاء خورونوش کی قیمتوں اور دستیابی کی قومی، صوبائی اور ضلعی سطح پر نگرانی کرے گا۔
ڈیش بورڈ نہ صرف تصدیق شدہ اشاریوں کی مدد سے کسی بھی بحران سے بچنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا بلکہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کو روکنے میں بھی انتہائی مؤثر ثابت ہوگا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر واضح ہدایات دیں کہ آٹا، چینی اور دالوں جیسی اشیاء جو کسی بھی غریب گھرانے کے لیے انتہائی اہم ہیں، ان کی قیمتوں کے بڑھنے کو روکنے کی خاطر کسی بھی قسم کے اقدامات سے گریز نہ کیا جائے، اس کے علاوہ برآمدات کو بڑھانے اور درآمدات کے لیے مقامی متبادل ڈھونڈنے کے لیے اقدامات کیے جائیں، تاکہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کو مزید بڑھایا جائے اور زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ نہ ہو۔
وزیراعظم کی ہدایات پر ماضی میں نظرانداز ہونے والے 6 شعبوں میں بڑے پیمانے کی اصلاحات نافذ کرنے کے لیے انہیں ترجیحاتی شعبوں کا درجہ دیا گیا جس میں فوڈ سیکیورٹی، زراعت، بجلی، افرادی قوت، بیرونی سرمایہ کاری، نج کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور برآمدات پر خصوصی توجہ کے لیے اکنامک آؤٹ ریچ شامل ہیں۔
اب سے وزیراعظم کی زیرِ صدارت ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوگا جس میں عمران خان خود ان شعبوں کے حوالے سے مسائل کے فوری حل کی نگرانی کریں گے. ان اجلاسوں میں ہر شعبے پر خصوصی توجہ مرکوز کرکے وزیرِاعظم کو پیش رفت پر علیحدہ علیحدہ بریفنگ دی جائے گی۔