وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات، اہم امور پر گفتگو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی وزیراعظم ہاؤس آمد ہوئی، دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں قومی امور، ملکی و علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر حالیہ اشتعال انگیزی پر تبادلہ خیال کیا گیا، بارڈر پر بڑھتی بھارتی جارحیت، علاقائی امن کے لیے پاک فوج کے کردار پر بھی بات چیت کی گئی۔خطے کی سیکیورٹی، اندرونی چیلنجز سمیت امن و امان کی صورت حال زیر بحث آئی، ملاقات کے دوران پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
خیال رہے کہ دو روز قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا تھا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایل او سی پر اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا تھا۔پاک فوج کے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کو کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاک فوج ایل او سی پر آبادی کے تحفظ کے لیے اقدامات بروئے کار لائے گی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج مادر وطن کی جغرافیائی سرحدوں اور وقار کا تحفظ یقینی بنائے گی، بھارتی اشتعال انگیزیاں علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
دھیان رہے کہ بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، اس سے قبل بھارتی فوج کی تتہ پاتی ، جندروٹ سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ سے معمر خاتون شہید اور 4 سالہ بچی سمیت 3 شہری زخمی ہوگئے تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔