مودی حکومت کے ہوتے پاک بھارت سیریز مشکل ہے، وسیم خان
کراچی: پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ بھارت سے کھیلنے کو تیار ہیں، لیکن مودی حکومت کی موجودگی میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز مشکل ہے، کیوں کہ بھارتی بورڈ کو سیریز کے لیے اپنی حکومت سے اجازت درکار ہوتی ہے۔
کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم خان کا کہنا تھا کہ ٹور سلیکشن کمیٹی بااختیار ہے، بابراعظم کے ان فٹ ہونے پر نئے کپتان کا فیصلہ ٹور سلیکشن کمیٹی خود کرے گی، پی سی بی پانچ سالہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
وسیم خان نے کہا پالیسی کے تسلسل کے لیے خواہش ہے کہ اگلی مدت کے لیے بھی بورڈ میں ذمے داریاں ادا کرتا رہوں، چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ مسائل ضرور ہیں لیکن اس کے باوجود ڈومیسٹک کرکٹ جاری رکھے ہوئے ہیں، آئندہ برس ایک نہیں چار ٹیمیں دورہ پاکستان کریں گی۔
فیوچر ٹور پروگرام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا بھارت سے کھیلنے کو تیار ہیں، جب تک مودی حکومت ہے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز مشکل ہے، بھارتی بورڈ کو سیریز کے لیے اپنی حکومت سے اجازت درکار ہوتی ہے، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بتدریج بحالی ہورہی ہے، گزشتہ دو برس میں بہتری کے لیے اقدام کیے ہیں، جنوبی افریقا کے پاکستان آنے سے بہت فائدہ ہوگا، انگلینڈ جاکر کھیلنا کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں تھا، مقصد انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ 2015 سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی جاری ہے، پی سی بی نے نیا ڈومیسٹک اسٹرکچر تشکیل دیا، سسٹم کو تبدیل کرنے میں تھوڑا وقت لگے گا، نئے نظام کے نتائج دنوں میں نہیں آئیں گے، بہترین سابق کرکٹرز کی خدمات حاصل کیں جب کہ بنی گالا سے ہدایات آنے کی بات درست نہیں، سابق کرکٹر ہونے کے ناتے وزیراعظم سے مشاورت ضرور ہوتی ہے تاہم وہ بورڈ کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے۔