چینی کی قیمت میں نمایاں کمی!
کراچی: مقامی سطح پر نئی چینی مارکیٹ میں آنے کے ساتھ ہی چینی کی قیمتوں میں 20 سے 23 روپے فی کلو تک کمی آگئی، اوپن مارکیٹ میں چینی کی اوسط قیمت 85 روپے تک پہنچ گئی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں کمی سے ریلیف ملا، تاہم حکومت باقی کھانے پینے کی دیگر چیزوں کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے اقدامات کرے۔
گزشتہ دو ماہ کے دوران کچھ شہروں میں چینی کی فی کلو قیمت 11O روپے سے بھی تجاوز کرگئی تھی، لیکن بروقت گنے کی کرشنگ اور مقامی چینی اوپن مارکیٹ میں آتے ہی چینی کی قیمت میں کمی آنا شروع ہوگئی۔
چئیرمین آل پاکستان ٹریڈرز ایسوی ایشن اجمل بلوچ کا کہنا ہے چینی کی ہول سیل کی فی کلو اوسط قیمت 80 روپے تک پہنچ چکی، پہلے چینی کی قیمت 110 روپے تک بھی گئی ہے، گنے کی کرشنگ جاری ہے، اس وقت سندھ اور پنجاب میں ایکس ملز ریٹ 78 روپے فی کلو ہے۔
چیئرمین آل پاکستان شوگر ملز ایسوی ایشن اسکندر خان کہتے ہیں چینی کی قیمتوں میں کمی اور استحکام کے لیے حکومت گُڑ کی آڑ میں افغانستان چینی کی اسمگلنگ کو روکنے کے سخت اقدامات کرے۔