حکومت کا سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے قیام کا فیصلہ!
اسلام آباد: حکومت نے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اٹلانٹا کی طرز پر اپنا سی ڈی سی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول پاکستان قائم کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں، سی ڈی سی کو صدارتی آرڈیننس یا بل کے ذریعے قائم کیا جائے گا جس کا ڈرافٹ بھی بن چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سی ڈی سی پاکستان قائم کرنے کے لیے امریکی، چینی اور برطانوی حکومتیں مدد کررہی ہیں، سی ڈی سی پاکستان کے بعد ہمیں این سی او سی اور این ای او سی کی ضرورت نہیں رہے گی۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ امریکا اور یورپ میں موجود پاکستانی ڈاکٹر بھی اس سلسلے میں پُرعزم اور پُرجوش ہیں۔