کراچی ٹرانسفارمیشن پلان: وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس، آرمی چیف کی شرکت!

اسلام آباد: وزیراعظم کی زیر صدارت کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزراء شیخ رشید، اسد عمر، فیصل واوڈا اور مشیرِ خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت 100 سے زائد منصوبوں کی پلاننگ کی جاچکی ہیں جو 1.117 ٹریلین روپے کی لاگت سے مکمل ہوں گے اور ان منصوبوں کو تکمیلی مراحل کے اعتبار سے 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اجلاس کو ان منصوبوں پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کراچی کے مسائل کا مستقل بنیادوں پر حل انتہائی ضروری ہے، ہر سال مون سون کے دوران شہر قائد میں برساتی پانی سے ہونے والے نقصانات کا سبب نالوں پر غیر قانونی تعمیرات ہیں۔
عمران خان نے واضح ہدایت دی کہ کراچی میں تجاوزات ہٹانے سے پہلے وہاں کے مستحق مکینوں کے لیے پیشگی متبادل انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کراچی کو پانی فراہم کرنے کے کے فور منصوبے کی استعداد اور افادیت بڑھانے کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنے کے لیے وزارتِ منصوبہ بندی کے تحت تکنیکی کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔