کورونا ویکسین، یونیسیف کا غریب ممالک کیلیے بڑا اعلان!
نیویارک: اقوام متحدہ کے ادارے برائے اطفال یونیسیف نے غریب ممالک کو کورونا ویکسین فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یونیسیف نے آئندہ سال ترقی پذیر اور غریب ممالک کو قریباً 2 ارب کورونا ویکسین فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یونیسیف کا کہنا ہے کہ عالمی رہنماؤں نے کورونا ویکسین کی شفاف تقسیم کے عزم کا اظہار کیا ہے، جس کے تحت ایک بہت بڑے آپریشن کے ذریعے آئندہ سال ترقی پذیر اور غریب ممالک کو کورونا ویکسین کی 2 ارب ڈوز فراہم کی جائیں گی۔
یونیسیف کے مطابق ادارہ ویکسین اور ایک ارب سرنجز کی ڈیلیوری کے لیے 350 فضائی کمپنیوں اور فریٹ کمپنیوں کے ساتھ کام کررہا ہے، جس میں افریقی ملک برونڈی، افغانستان اور یمن جیسے غریب ممالک کو ویکسین فراہم کی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جی 20 کے اجلاس میں دنیا کی بڑی معاشی قوتوں نے کورونا کی ویکسین کی مساوی تقسیم کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
عالمی ادارۂ صحت کے مطابق کورونا وبا سے پہلے دنیا بھر میں بچوں کے لیے ویکسین کی تقسیم غیر مساوی تھی، جس سے قریباً 20 لاکھ بچے بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لے پارہے تھے۔