پشاور، بچی کے قتل و جلانے کے واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری!
پشاور: بڈھ بیر میں 7 سالہ بچی کو قتل کے بعد جلانے کے واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی گئی۔
پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں بچی کو قتل کے بعد لاش جلائے جانے سے متعلق تحقیقاتی ٹیم کی ابتدائی رپورٹ سامنے آئی ہے، جس کے مطابق بچی لیہ بدھ کے روز گھر سے نکلی تھی پھر واپس نہ آئی جب کہ بچی کو گھسیٹ کر کھیتوں میں لے جایا گیا، اس کو صبح کے وقت جلایا گیا اور جلانے کے 3 گھنٹے بعد لاش ملی۔
تحقیقاتی ٹیم کے مطابق بچی کو گولیاں مارنے کے حوالے سے بھی معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں جب کہ بچی کی شناخت اس کے چہرے سے ہوئی۔
خیال رہے کہ پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں واقع قبرستان سے ایک بچی کی جلی ہوئی لاش ملی تھی جس کی شناخت 7 سالہ لیہ دختر معراج کے نام سے ہوئی، واقعہ کے بعد سی سی پی او پشاور نے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے لیے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی نگرانی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔