تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی انتقال کر گئے

لاہور: تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی انتقال کرگئے، وہ پچھلے پانچ دن سے بیمار تھے۔
نجی ٹی وی کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی انتقال کرگئے، اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق علامہ خادم حسین رضوی کئی روز سے بخار میں مبتلا تھے، انہیں طبیعت زیادہ خراب ہونے پر ہسپتال لے جایا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
وزیراعظم عمران خان نے ان کے انتقال پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک بڑے عالم دین اور سچے عاشق رسول سے محروم ہوگیا، دین اسلام کے لیے ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ علامہ خادم حسین رضوی کا انتقال غم ناک ہے اور ان کے عقیدت مندوں و لواحقین کے لیے عظیم سانحہ ہے اللہ تعالیٰ انہیں صبر جمیل عطا فرمائے۔
فرانس میں حکومتی سرپرستی میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف فیض آباد انٹرچنیج پر احتجاج کے بعد دو روز قبل ہی خادم رضوی کی قیادت میں تحریک لبیک پاکستان نے حکومت سے مذاکرات کیے تھے۔ اسی دھرنے میں انہوں نے کارکنوں سے کہا تھا کہ میری طبیعت 5 روز سے ناساز ہے لیکن اس کے باوجود دھرنے میں شرکت کے لیے آیا ہوں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔