پروفیسر حافظ سعید کو مزید ساڑھے دس سال قید کی سزا!
لاہور: کالعدم جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے قید کی سزا سنا دی۔
لاہور میں جج ارشد حسین بھٹہ کی عدالت نے سی ٹی ڈی کی طرف سے درج مقدمہ نمبر 16/19 اور 25/19 پر فیصلہ سناتے ہوئے حافظ سعید سمیت چار افراد کو 2 مقدمات میں قید کی سزائیں سنائیں۔
حافظ محمد سعید، پروفیسر ظفر اقبال اور یحییٰ مجاہد کو ساڑھے دس، دس سال کی سزا سنائی جب کہ پروفیسر حافظ عبدالرحمٰن مکی کو 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
پروفیسر حافظ محمد سعید جولائی 2019 سے گرفتار ہیں اور ان کے خلاف اب تک چار مقدمات کے فیصلے سنائے جاچکے ہیں۔ جماعۃ الدعوٰۃ کے رہنماؤں کے خلاف سی ٹی ڈی کی طرف سے کل 41 مقدمات درج ہیں، جن میں سے 24 مقدمات کے فیصلے ہوچکے ہیں جب کہ باقی اے ٹی سی عدالتوں میں زیرسماعت ہیں۔
حافظ سعید کو اس سے قبل رواں سال 12 فروری کو جج ارشد حسین بھٹہ نے ہی دو کیسز میں 11 سال قید اور 30 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔