مصر: امریکی ہیلی کاپٹر کو حادثہ، 7 فوجی ہلاک!

قاہرہ: امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر مصر میں حادثے کا شکار ہوکر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 7 فوجی ہلاک ہوگئے۔ ان میں 5 امریکی فوجیوں کے علاوہ چیک جمہوریہ کا ایک اور ایک فرانسیسی فوجی بھی شامل ہیں جب کہ ایک امریکی فوجی اس حادثے میں زندہ بچ گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے فوجیوں کے نام نہیں بتائے گئے۔
وائس آف امریکا کے مطابق، یہ تمام فوجی اسرائیل اور مصر کے مابین امن معاہدے کے تحت کثیر قومی امن فوج کے دستے میں شامل تھے۔ جمعرات کو یہ ہیلی کاپٹر جزیرہ نما سینائی میں معمول کی نگراں پرواز کررہا تھا جب یہ حادثہ پیش آیا۔
حادثے کی دیگر تفصیلات بھی جاری نہیں کی گئی ہیں جب کہ کثیر قومی امن فوج کے ترجمان نے اس حوالے سے کسی بھی قسم کی ممکنہ دہشت گردی کی تردید کرتے ہوئے اسے صرف ایک حادثہ قرار دیا ہے۔
وائس آف امریکا کی اردو ویب سائٹ کے مطابق، یہ حادثہ اس سال امریکی فوج کو پیش آنے والا سب سے ہلاکت خیز حادثہ بھی ہے۔
اس حوالے سے نگراں امریکی وزیرِ دفاع کرس ملر کا بھی ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے مصر میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے علاوہ ان کے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب سے تعزیت بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ 1979 میں مصر اور اسرائیل کے مابین امن معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت ’’کثیر قومی فوج اور مبصرین‘‘ (ملٹی نیشنل فورس اینڈ آبزرورز) کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اس میں 13 ملکوں کی افواج شامل ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد امریکی فوجیوں کی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔