مریم نواز کو پتہ ہی نہیں چل رہا کہ ان کا مطالبہ کیا ہے، فواد چوہدری
وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ابھی تو مریم کو پتہ نہیں چل رہا ان کا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے اپنے قد سے بڑی لڑائی لے لی ہے اب گرگئے ہیں ، ایک دن ایک بات کرتی ہیں تو دوسرے دن کوئی اور بات کی جاتی ہے ، لیگی رہنما ٹی وی پر باتیں کرتے ہیں اور باقی وقت پاؤں پڑتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر کی طرف سے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم بی بی پہلے نوازشریف کے ساتھ ویڈیو کال پر بات کو سمجھیں ، یہ کہتے ہیں ہم سے پیسے واپس لیں بس جیل میں نہ ڈالیں،انہوں نے اپنے قد سے بڑی لڑائی لے لی ہے اب گرگئے ہیں،اسی لیے محمد زبیر اور شاہد خاقان عباسی بعد میں پاؤں پڑ جاتے ہیں۔اس سے قبل مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ فوج سے تب ہی بات ہو گی جب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت گھر جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ فوج سے بات کرنے کی شرط یہی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو گھر بھیجا جائے۔ پاک فوج کی موجودہ قیادت سے مذاکرات کرنے کے سوال پر مریم نواز نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مذاکرات کے آغاز پر غور کیا جا سکتا ہے بشرطیکہ جعلی حکومت کو گھر بھیجا جائے۔انہوں نے کہا کہ فوج سے بات ہو سکتی ہے لیکن عوام کے سامنے، چُھپ چُھپا کر نہیں۔ مریم نواز نے انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے ہمارے قریبی ساتھیوں سے رابطے کیے گئے ہیں،اسٹیبلشمنٹ نے میرے ارد گرد موجود بہت سے لوگوں سے رابطے کیے ہیں مگر میرے ساتھ براہِ راست کسی نے رابطہ نہیں کیا۔