نگورنو کاراباخ، آذر بائیجان کی بڑی کامیابی

باکو: نگورنو کاراباخ تنازع پر آرمینیا کے مقابلے میں آذربائیجان نے بڑی کامیابی حاصل کرلی۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے ٹیلی وژن پر خطاب کرتے ہوئے قوم کو کامیابی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ آذربائیجان کی فورسز نے نگورونو کاراباخ کے دوسرے بڑے شہر شوشا کو آرمینین افواج سے آزاد کراکر اس کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
تاہم آرمینین حکام نے آذربائیجان کے صدر کے دعوے کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں اب بھی شدید لڑائی جاری ہے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ تنازع میں اگر آذربائیجان کا دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو یہ اس کی ایک بڑی جیت ہوگی۔
آذربائیجان کے صدر کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ انتہائی فخر کے ساتھ یہ بتانا چاہتا ہوں کہ شوشا شہر آزاد کرالیا گیا ہے جس کے بعد 8 نومبر کا دن آذربائیجان کے لوگوں کے لیے تاریخی طور پر لکھا جائے گا، جس دن ہم نے شوشا کو واپس لیا۔
عرب میڈیا کے مطابق صدر کے اعلان کے بعد دارالحکومت باکو میں عوام کی بڑی تعداد جشن منانے سڑکوں پر نکل آئی جنہوں نے اپنی افواج اور حکومت کے حق میں نعرے بازی کی۔
آذربائیجان کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شوشا ہمارے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہم کب سے اس دن کا انتظار کررہے تھے، آج ایک بڑا دن ہے جس پر آذربائیجان کے شہریوں کو سڑکوں پر جشن مناتے دیکھا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیسا صدر نے کہا، ہم آخر تک جانے کے لیے مکمل پُراعتماد ہیں اور آذربائیجان کے تمام مقبوضہ علاقوں کو آزاد کرائیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔