ن لیگ لاہور کے جنرل سیکریٹری گرفتار
لاہور: (ن) لیگ لاہور کے جنرل سیکریٹری خواجہ عمران نذیر کو گرفتار کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ عمران نذیر مریم نواز کی نیب دفتر میں آمد پر ہنگامہ آرائی کیس میں نامزد ہیں، جنہیں مقدمے میں ضمانت نہ کرانے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن دوست محمد کے مطابق سیف سٹی اتھارٹی کی کال پر خواجہ عمران کی گاڑی کو روکا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خواجہ عمران کو سیف سٹی کیمروں کی مدد سے لنک روڈ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
گرفتاری سے قبل نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ عمران کا کہنا تھا کہ پولیس کو نیب دفتر کے باہر ہنگامے کے دوران میری گاڑی کی فوٹیج ملی ہے، میرے ساتھ انتقامی کارروائی کی جارہی ہے، لیکن ایسے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں۔
علاوہ ازیں سی ٹی او لاہور حماد عابد نے کہا کہ گاڑی نیب کی جانب سے تھانہ چوہنگ کے مقدمے میں مطلوب تھی، اس گاڑی کو مریم نواز کی پیشی پر نیب حملے کے مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا۔
سی ٹی او کے مطابق گاڑی کو تھانہ فیصل ٹاؤن پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔