الیکشن میں ہماری جیت واضح نظر آرہی ہے، جوبائیڈن

واشنگٹن: امریکی صدارت کے ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ الیکشن میں ہماری جیت واضح نظر آرہی ہے۔
ریاست ڈیلاویئر میں خطاب کرتے ہوئے جوبائیڈن نے کہا کہ نتائج کا ابھی حتمی اعلان نہیں ہوا لیکن ہمیں برتری حاصل ہے اور ووٹوں کی گنتی سے ہماری جیت واضح نظر آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی تاریخ میں پہلی بار کسی صدارتی امیدوار کو74 ملین ووٹ ملے، ہم امریکی صدارتی ریس جیت رہے ہیں، بس نتائج کے منتظر ہیں۔
جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ ہمیں عوام نے مینڈیٹ دیا ہے، تمام ووٹوں کی گنتی کی جانی چاہیے۔
دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے جوبائیڈن کے خطاب سے قبل ہی بیان دیا اور انہیں خبردار کیا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ابھی تو قانونی کارروائیوں کا آغاز ہی ہوا ہے، جوبائیڈن کو جیت کا جھوٹا دعویٰ نہیں کرنا چاہیے، میں بھی یہ دعویٰ کرسکتا ہوں۔
واضح رہے کہ امریکا کے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کو 264 ووٹوں کے ساتھ واضح برتری حاصل ہے جب کہ صدر ٹرمپ کے 214 الیکٹورل ووٹ ہیں۔
اس طرح جوبائیڈن کو امریکی صدر بننے کے لیے صرف 6 الیکٹورل ووٹ درکار ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے جوبائیڈن کی جیت کو دھاندلی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے انتخابات میں فراڈ کا الزام عائد کیا ہے جب کہ ٹرمپ الیکشن کی رات اپنی جیت کا اعلان کرچکے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔