صرف سیاحت کو بہتر بنالیں تو قرضہ مانگنے کی ضرورت نہیں رہے گی، وزیراعظم
حسن ابدال: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایسا ملک بنانے کی خواہش ہے، جسے کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانے پڑیں۔
حسن ابدال ریلوے اسٹیشن اپ گریڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کے سفر میں ریلوے کا بہت اہم مقام ہے، کیونکہ دنیا بھر میں ٹرین سستے اور آرام دہ سفر کا ذریعہ ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہم نے انگریز کے دیے گئے ریلوے نظام کو ترقی نہیں دی، ریلوے اہمیت اس لیے رکھتی ہے کہ یہ عام اور غریب آدمی کی سواری ہے، ریلوے معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون سے پاکستان میں پہلی بار ریلوے میں سب سے بڑی سرمایہ کاری آرہی ہے، ایم ایل ون سے کراچی سے لاہور کا سفر 7 گھنٹے ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خواہش ہے پاکستان ایسا ملک بنے جسے کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانے پڑیں اور ایم ایل ون خود انحصاری کی جانب اہم قدم ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نئے پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ برابر ہیں، ہماری کوشش تھی کہ سکھ برادری کے لیے آسانیاں پیدا ہوں، حسن ابدال ریلوے اسٹیشن سے سکھ برادری کو بہت سہولت ملے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاحت کو بہتر بنانے کے لیے ہمیں ہر طرح کی سہولت دینی ہے اور ہم اگر صرف سیاحت کو بہتر بنالیں تو کسی سے قرضہ مانگنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔