ترکی میں زلزلہ، آفٹر شاکس، 27 افراد ہلاک

ازمیر: ترکی کے شہر ازمیر میں ہولناک زلزلے کے بعد سے 100 سے زائد آفٹر شاکس آئے ہیں جب کہ 20 سے زیادہ عمارتیں گرنے سے ملبے تلے دب کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد 27 ہوگئی جب کہ 800 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز ترکی کے ساحلی شہر ازمیر اور یونان کے جزیرے ساموس میں 7.0 شدت کے زلزلے نے صرف ازمیر میں چار مقامات پر 20 عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا تھا اور کئی عمارتیں مکمل طور پر منہدم ہوگئی تھیں۔
ترکی میں عمارتوں کے ملبے سے 140 افراد کو زندہ نکالا گیا جب کہ 800 سے زائد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 25 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے۔ زخمیوں میں سے درجنوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب یونان کے جزیرے جاموس میں بھی ایک عمارت کے گرنے کی وجہ سے ایک لڑکی اپنی ماں سمیت ملبے تلے دب کر ہلاک ہوگئی جب کہ متعدد افراد زخمی ہیں تاہم یونان میں ترکی کے مقابلے میں جانی و مالی نقصان کم ہوا ہے۔
ادھر ترکی میں ہلاکت خیز زلزلے کے بعد 100 سے زائد آفٹر شاکس محسوس کیے گئے، جس کی وجہ سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا۔ انتظامیہ نے کسی بھی نقصان کے پیش نظر پہلے ہی متاثرہ علاقوں کی عمارتوں کو خالی کرالیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔