پاکستان میں سزا پوری کرنے والے 5 بھارتی جاسوس رہا!
اسلام آباد: پاکستان نے اپنی سزا پوری کرنے والے 5 بھارتی جاسوسوں کو رہا کرکے واپس بھارت بھیج دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن نے فوجی عدالت سے سزا پانے والے اپنے مجرمان کی رہائی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس میں مؤقف پیش کیا گیا تھا کہ لاہور جیل میں قید 3 بھارتی مجرم اور کراچی جیل کے ایک مجرم کو پاکستان میں جاسوسی اور دہشت گرد کارروائیوں پر سزا ہوئی، جیل میں موجود بھارتی قیدی اپنی سزا پوری کرچکے، قانونی طور پر ایسی کوئی وجہ نہیں کہ وہ جیل میں قید رہیں، سزا پوری کرنے کے بعد قیدیوں کو جیل میں رکھنا آئین پاکستان کے تحت دی جانے والے حقوق کی خلاف ورزی ہے، قیدیوں کو رہا کرکے واپس بھارت بھیجنے کی ہدایت کی جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں دہشت گردی اور جاسوسی میں ملوث بھارتی قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے درخواست پر سماعت ہوئی، 8 بھارتی شہریوں کی رہائی کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کی، وزارت داخلہ کی جانب سے رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی، ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ نے عدالت کو بتایا کہ 5 بھارتی قیدیوں کو سزا مکمل ہونے پر 26 اکتوبر 2020 کو رہا کردیا گیا۔
بھارتی ہائی کمیشن کے وکیل کا کہنا تھا کہ مزید 3 شہری بھی سزا پوری کرنے کے باوجود جیل میں ہیں، ایک بھارتی شہری سزا پوری کرنے کے باوجود واپس نہیں جانا چاہتا تھا لیکن اسے ڈی پورٹ کردیا گیا۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ نے جواب دیا کہ بھارت کے 3 مزید قیدیوں کی حد تک ہدایات لے کر بتاتا ہوں۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ جب سزا مکمل ہوگئی تو آپ کیسے ان کو مزید رکھ سکتے ہیں؟ ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ نے جواب دیا کہ کچھ قیدیوں کا معاملہ ریویو بورڈ کے پاس ہے۔ عدالت نے استفسار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ جب سزا مکمل ہوگئی تو ریویو بورڈ درمیان میں کہاں سے آگیا؟ اگر انہوں نے سزا مکمل کرلی ہے تو ان کو واپس بھیج دیں۔
عدالت نے 4 بھارتی شہریوں کو رہا کرنے سے متعلق ایک درخواست نمٹادی، کیس کی مزید سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی۔