دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے، وزیر خارجہ
اسلام آباد: شاہ محمود قریشی کا پشاور کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ان شاء اللہ دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پشاور کی دیر کالونی میں مسجد سے ملحق مدرسے میں دھماکے سے متاثر ہونے والے غم زدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
اُن کا کہنا تھا کہ آج پشاور میں مدرسے کے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا گیا، دہشت گردی سے جنگ میں پوری قوم مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہے اور ان شاء اللہ ہم دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔