پشاور دھماکا، صدر مملکت اور وزیراعظم کی مذمت!

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت نے پشاور دھماکے کی مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ عمران خان نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ عارف علوی نے کہا، اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور شہداء کے درجات بلند فرمائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و سینیٹر شبلی فراز نے پشاور مدرسے میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تعلیم و تدریس حاصل کرنے والے طلباء پر حملہ کرنے والوں کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں، ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والوں کے مذموم عزائم خاک میں ملائیں گے، شہداء کے لواحقین سے دلی اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔
وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے پشاور میں مدرسے پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے صبر کے لیے دعا کی۔ اعجاز شاہ نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔
اعجاز شاہ کا کہنا تھا بچوں پر حملہ بزدلانہ عمل ہے، ملوث افراد کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا، ملک و قوم کی سلامتی و بقا کو نقصان پہنچانے والے اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے، ہم اپنے بچوں کی قربانی کے مقروض ہیں، ایسے بزدلانہ عمل سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہونے دیں گے۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی جانب سے پشاور دھماکے میں معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے کہا، شہید اور زخمی ہونے والے بچوں کے غم زدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، اس انسانیت سوز اقدام کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، بزدل دہشت گرد نے معصوم بچوں پر حملہ کرکے ثابت کردیا، دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں، پاکستانی عوام ملک دشمن عناصر کے خلاف، حکومت اور ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔