بھارت، داڑھی رکھنے پر مسلمان پولیس افسر معطل!

میرٹھ: بھارت میں ایک مسلمان پولیس افسر کو داڑھی نہ منڈوانے پر نوکری سے معطل کردیا گیا۔
خیال رہے کہ سیکولر انڈیا کا راگ الاپنے والے بھارت میں نریندر مودی کی انتہاپسند بی جے پی حکومت میں بھارتی مسلمانوں پر ظلم کی نئی مثالیں قائم کی جارہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع باغپت کے رامالا پولیس اسٹیشن میں مسلمان سب انسپکٹر انتشار علی کو داڑھی نہ منڈوانے پر معطل کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) کی جانب سے سب انسپکٹر انتشار علی پر مسلسل داڑھی منڈوانے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا رہا، جس کے خلاف انہوں نے 29 نومبر 2019 میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) میرٹھ کو ایک خط لکھا اور آئی جی سے داڑھی رکھنے کی اجازت مانگی تھی۔
سب انسپکٹر کی جانب سے لکھے گئے اس خط پر ایک سال گزرنے کے بعد بھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
مسلمان سب انسپکٹر کو داڑھی نہ منڈوانے پر معطل کردینے کے معاملے پر دارالعلوم دیوبند کی جانب سے اعتراض بھی اٹھایا جارہا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔