سعودی تاریخ میں دوسری بار خاتون سفیر کا تقرر!
الریاض: سعودی عرب کی ویب سائٹ ’’اردو نیوز‘‘ کے مطابق سعودی حکومت نے آمال یحییٰ المعلمی نامی خاتون کو ناروے میں اپنے ملک کی سفیر مقرر کیا ہے، اس طرح وہ سعودی عرب کی تاریخ میں سفیر کے عہدے پر فائز ہونے والی دوسری خاتون بن گئی ہیں۔
ان سے پہلے شہزادی ریما بنت بندر کو امریکا میں سفیر مقرر کیا گیا تھا، وہ اپنے فرائض ابھی تک انجام دے رہی ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ’’ایس پی اے‘‘ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ امال یحییٰ المعلمی اس سے قبل تعلیمی اور پیشہ ورانہ سرکاری اداروں میں اعلیٰ عہدوں پر کام کرچکی ہیں جب کہ وہ گزشتہ برس سے سعودی انسانی حقوق کے ادارے میں عالمی تعاون اور تنظیموں کی ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالے ہوئے ہیں۔
وہ اقوام متحدہ میں سعودی سفیر عبداللہ یحییٰ المعلمی کی بہن اور معروف سعودی ادیب یحییٰ المعلمی کی بیٹی ہیں۔
خیال رہے کہ ماضی قریب تک سعودی سفارت کاری کا میدان مردوں کے لیے ہی مخصوص تھا لیکن شہزادی ریما بنت بندر کی بطور سفیر امریکا میں تعیناتی کے بعد سے سفارت کاری میں بھی خواتین کو آگے لایا جارہا ہے۔