زمبابوے سے سیریز، تمام کھلاڑی کورونا سے محفوظ!
لاہور: زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کووڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آگئی ہیں۔
اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ گزشتہ روز لیے گئے تھے، جس کی رپورٹ منفی آنے کے بعد اب وہ بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن گئے ہیں۔
لاہور کے مقامی ہوٹل میں قائم کردہ ببل میں تمام کھلاڑیوں کو آپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی سوشل میڈیا پر قومی کھلاڑیوں کے ایک ساتھ بیٹھ کر ناشتہ کرنے کی تصاویر جاری کردی ہیں۔
قومی اسکواڈ زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے آج سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کا آغاز کررہا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ 30 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔