کورونا متاثرین کی تعداد 338 ہوگئی
اسلام آباد: بلوچستان میں 22، سندھ میں پانچ اور خیبر پختونخوا کے مزید 15 شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں اس وبا کے شکار افراد کی تعداد 338 ہوگئی ہے۔
بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ 22 کیس سامنے آںے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 45 ہوگئی ہے۔ ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی کے مطابق کوئٹہ قرنطینہ میں مقیم 252 افراد کی ٹیسٹ رپورٹس آگئی ہیں جن میں مزید 22 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔
مجموعی طور پر کوئٹہ قرنطینہ سینٹر کے 29 جبکہ تفتان قرنطینہ سینٹر کے 16 کرونا وائرس کیسز شامل ہیں۔ نئے آنے والے کیسوں کو بھی کوئٹہ کے فاطمہ جناح اور شیخ زید اسپتالوں میں قائم آئسولیشن وارڈز منتقل کیا جارہا ہے۔