سی ویو پر گندگی، وسیم اور شنیرا کی آواز کام کرگئی
کراچی: سابق قومی کپتان وسیم اکرم اور ان کی آسٹریلوی اہلیہ شنیرا اکرم کی کراچی کے ساحل سی ویو پر گندگی کے حوالے سے اٹھائی گئی آواز نے کام دکھادیا، انتظامیہ حرکت میں آگئی اور صفائی ستھرائی کا کام شروع کردیا۔
سوئنگ کے سلطان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ سوچا تھا کہ ہفتے کے بعد پیر پہلا دن ہے، سمندر پر مزا آئے گا لیکن میں نے اپنی بیوی کو سی ویو پر لاکر بہت بڑی غلطی کردی۔
شنیرا اکرم نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک تصویر ڈالی، جس میں وہ ساحل پر جمع ہونے والے کچرے پر کھڑی ہیں۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ہمارا شہر تکلیف میں ہے اور یہ (شہر) ہمیں روز بتا رہا ہے، ہم اس کی مدد کے لیے چلارہے ہیں، لیکن کوئی بھی ہماری بات نہیں سن رہا۔
وسیم اور ان کی اہلیہ کی ٹوئٹس پر ہزاروں لوگوں نے تبصرے کیے اور ان کی آواز میں آواز ملاتے ہوئے سوشل میڈیا پر پھیلانا شروع کردیا۔
اس تنقید کے اگلے ہی روز انتظامیہ حرکت میں آگئی اور سی ویو پر صفائی کا کام شروع کر دیا۔
صفائی کے عمل کی تصویر ایک صارف نے سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کی ہے جس پر لوگ وسیم اکرم کی خوب تعریفیں اور ان کا شکریہ بھی ادا کررہے ہیں۔