اسرائیل کیساتھ تعلقات سے فلسطینیوں کی جدوجہد متاثر نہیں ہوگی، عرب امارات
واشنگٹن: یو اے ای کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کا معاہدہ خطے کی ترقی میں اہم پیش رفت ہے۔
العربیہ نیوز کے مطابق شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات سے فلسطینیوں کی حقوق اور الگ ریاست کی جدوجہد متاثر نہیں ہوگی۔ یہ معاہدہ مشرقی وسطیٰ کی ترقی کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
خیال رہے کہ بحرین اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ اسرائیل کے سفارتی و اقتصادی تعلقات کے قیام کے معاہدے پر دستخط کی تقریب آج وائٹ ہاؤس میں مقامی وقت کے مطابق 12 بجے منعقد ہوگی۔ معاہدے پر اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو، امارات اور بحرین کے وزرائے خارجہ دستخط کریں گے اور امریکی صدر ٹرمپ تقریب میں شرکت کریں گے۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب کے لیے 700 افراد کو دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔
پیر کو اسرائیلی وزیراعظم نے واشنگٹن سے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہم نے اس معاہدے پر برسوں محنت کی ہے۔ یہ اسرائیل اور مشرق وسطی کی تاریخ کا اہم موڑ ہے۔ اس معاہدے کے اسرائیلیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق امارات کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر دستخط کے بعد اسرائیل کی مجلس قانون ساز کنیست سے اس کی توثیق لی جائے گی۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ معاہدے پر دستخط کے بعد پہلے کابینہ اور بعدازاں کنیست اس کی توثیق کریں گے۔