زلمے کی آرمی چیف سے ملاقات، افغان امن عمل پر تبادلۂ خیال
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی سنجیدہ اور غیر مشروط حمایت کے بغیر کامیابی ممکن نہ تھی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا امن اور علاقائی رابطوں کے لیے وژن واضح ہے، قومی طاقت کے تمام عناصر متحد ہو کر وژن کو حقیقت کی شکل دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں دیرپا امن، ترقی اور استحکام کو یقینی بنا رہے ہیں۔