منی لانڈرنگ ریفرنس، شہباز شریف خاندان کے خلاف وعدہ معاف گواہ سامنے آگئے
لاہور: نیب کی جانب سے دائر کیے گئے منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف خاندان کے خلاف وعدہ معاف گواہ سامنے آگئے۔
ایک نجی ٹی وی نے شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں بننے والے گواہوں کی فہرست حاصل کرلی ہے۔ نیب نے شہباز شریف خاندان پر جرم ثابت کرنے کے لیے گواہوں کی طویل فہرست تیار کی ہے۔ دستاویزات کے مطابق منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف خاندان کے خلاف کل 110 گواہ نیب کے موقف کی تائید کریں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیب کے گواہوں میں مختلف بینکوں کے نمائندے، ایف بی آر، پٹواری اور دیگر سرکاری محکموں کے افراد شامل ہیں۔ نیب کے گواہوں میں نیب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر،انویسٹی گیشن آفیسر بھی شامل ہوں گے۔
شہباز شریف خاندان کے خلاف چار وعدہ معاف بھی نیب کے موقف کی تائید کریں گے۔ وعدہ معاف گواہوں میں مشتاق چینی، یاسر مشتاق، شعیب قمر اور محبوب علی شامل ہیں۔ خیال رہے نیب نے شہباز شریف خاندان کے خلاف 7 ارب 35 کروڑ کی منی لانڈرنگ کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے۔