موٹروے زیادتی کیس کا کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا، آئی جی پنجاب
لاہور: آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی نے کہا ہے کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے زیادتی کیس میں تاحال کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا، اس حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے مختلف ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں غلط اور حقائق کے منافی ہیں۔ سوشل میڈیا پر ملزمان اور خاتون کی جو تصاویر شیئر کی جارہی ہیں وہ بھی غلط اور جعلی ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ اس کیس کی تفتیش کو خود مانیٹر کررہا ہوں اور کسی کامیابی پر میڈیا کو خود آگاہ کروں گا۔ غیر تصدیق شدہ خبریں ناصرف کیس پر اثرانداز ہوتی ہیں بلکہ عوام کے لیے بھی گمراہ کن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری میڈیا کے نمائندوں سے گزارش ہے کہ وہ تصدیق کے بغیر کوئی خبر نہ چلائیں۔ عوام ہم پر اعتماد رکھیں، ہم جلد ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کردیں گے۔