ٹی ٹوئنٹی کی نئی رینکنگ، بابراعظم پہلی پوزیشن سے محروم ہوگئے!

دبئی: آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی۔
ٹیموں کی رینکنگ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 3 میچوں کی سیریز کے آخری مقابلے میں شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
انگلش ٹیم نے کینگروز کو سیریز میں شکست سے دوچار کیا لیکن تیسرے میچ میں شکست کے بعد بلیو کیپس پہلے سے دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، بھارت کی تیسری پوزیشن ہے جب کہ پاکستان کی چوتھی پوزیشن برقرار ہے۔
جنوی افریقا پانچویں، نیوزی لینڈ چھٹے، سری لنکا ساتویں، بنگلادیش آٹھویں اور ویسٹ انڈیز نویں نمبر پر براجمان ہے جب کہ افغانستان کی ٹیم دسویں نمبر پر موجود ہے۔
بلے بازوں کی نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے مطابق انگلینڈ کے ڈیوڈ میلان نے پاکستانی کپتان بابراعظم کی پہلی پوزیشن چھین لی ہے۔
طویل عرصے بعد پہلی پوزیشن سے بابر اعظم دوسرے نمبر پر آگئے جب کہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ تیسرے، بھارت کے لوکیش راہول چوتھے نمبر پر موجود ہیں، بھارتی کپتان ویرات کوہلی اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔
بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے عماد وسیم اور شاداب خان ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلے اور مجیب الرحمان دوسرے نمبر پر موجود ہیں جب کہ عماد وسیم اور شاداب خان بالترتیب آٹھویں اور نویں نمبر پر ہیں۔
آل راؤنڈرز کی فہرست میں ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی شامل نہیں، اس فہرست میں افغانستان کے محمد نبی کا پہلا، آسٹریلیا کے گلین میکسویل کا دوسرا جب کہ زمبابوے کے سین ولیمز کا تیسرا نمبر ہے۔
اس فہرست میں پاکستان کے محمد حفیظ 12 ویں جب کہ عماد وسیم 17 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔