افتخار شالوانی کو ایڈمنسٹریٹر کراچی مقرر کرنے کا فیصلہ
کراچی: سندھ حکومت نے صوبائی سیکریٹری بلدیات افتخار شالوانی کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ مُراد علی شاہ نے افتخار علی شالوانی کو ایڈمنسٹریٹر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن بنانے کی منظوری دے دی ہے، نوٹیفکیشن آج جاری کردیا جائے گا۔
افتخار علی شالوانی پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 21 کے افسر ہیں اور اس سے قبل سندھ میں محکمہ قانون، محکمہ صحت کے سیکریٹری، کمشنر کراچی کے علاوہ وفاقی وزارت صنعت و پیداوار میں ایڈیشنل سیکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔
افتخار علی شالوانی کا آبائی تعلق حیدرآباد سے ہے اور انہوں نے ابتدائی تعلیم حیدرآباد سے ہی حاصل کی اور لیاقت میڈیکل کالج جامشورو سے ایم بی بی ایس کیا۔
انہوں نے 1993 میں سول سروس کا امتحان پاس کرکے ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ جوائن کیا اور اس وقت افتخار علی شالوانی سیکریٹری بلدیات سندھ ہیں۔