احتساب عدالت کی کارروائی چیلنج، نیب بلاجواز نشانہ بنارہا ہے، نواز شریف
اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت میں طلبی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردی۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نے اپنی درخواست میں کہا کہ احتساب عدالت کی کارروائی اور طلبی کا اشتہار جاری کرنے کا حکم نامہ کالعدم قرار دیا جائے، نیب بلاجواز مجھے اور میرے اہل خانہ کو نشانہ بنارہا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب اپوزیشن کو ٹارگٹ کرکے آواز دبانا چاہتا ہے، نواز شریف مفرور نہیں بلکہ ضمانت منظوری پر بیرون ملک گئے ہیں، ان کا بیرون ملک علاج جاری ہے لہٰذا ان کے نمائندے کے ذریعے ٹرائل سامنا کرنے کی اجازت دی جائے، یورپین یونین اور ہیومن رائٹس واچ بھی نیب کی بے بنیاد کارروائیوں کو غیر قانونی قرار دے چکے ہیں۔
خیال رہے کہ توشہ خانہ ریفرنس میں مسلسل غیر حاضری پر نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری اور 17 اگست کو طلبی کا اشتہار جاری ہوچکا، جس میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف جان بوجھ کرعدالتی کارروائی سےمفرورہیں۔