کورونا وائرس، سندھ فوڈ اتھارٹی نے ہدایت نامہ جاری کردیا
کراچی: سندھ فوڈ اتھارٹی نے کھانے پینے کے کاروبار سے منسلک افراد کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔
سندھ فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام کاروباری افراد نزلہ، زکام اور کھانسی سے متعلق اپنے فوڈ سپروائزر کو اطلاع کریں۔ کھانے پینے کے کاروبار سے منسلک تمام ملازمین کے لیے ماسک، جراثیم کش صابن، سینیٹائزر اور ڈرائر فراہم کیے جائیں۔ ترجمان سندھ فوڈ اتھارٹی نے بتایا ہے کہ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ باورچی اور فوڈ ہینڈلرز سے دورانِ کام تمام احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرایا جائے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملازمین کے جسمانی درجۂ حرارت کو یومیہ چیک کیا جائے، اس کا ریکارڈ رکھا جائے، جبکہ بخار اور کھانسی کی صورت میں فوری حکومتِ سندھ سے رجوع کیا جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 183 ہوگئی ہے، ایران سے تفتان اور پھر سکھر آنے والے 119 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 155 ہو گئی۔