کورونا وائرس، دُنیا پاکستان جیسے ممالک کا قرضہ معاف کرنے کا سوچے، وزیراعظم
اسلام آباد: کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا پاکستان جیسے دیگر ترقی پذیر ممالک کا قرضہ معاف کرنے کے بارے میں سوچے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں کیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس ترقی پزیر ممالک کی معیشتوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے لہذا دنیا پاکستان جیسے دیگر ترقی پذیر ممالک کا قرضہ معاف کرنے کے بارے میں سوچے، اس اقدام سے ہمیں کورونا وائرس سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کورونا ملک میں پھیلا تو معیشت بحال کرنے کی کوششوں کو سنگین نقصان ہوگا جب کہ اتنے بڑے بحران سے نمٹنے کے لیے ہمارے پاس طبی سہولتیں ناکافی ہیں۔
طالبان امریکا مذاکرات کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ طالبان کے حوالے سے افغان صدر کا بیان مایوس کن ہے، حکومت میں آنے کے بعد امریکا کے ساتھ افغان امن معاہدے پر کام کیا، افغان امن عمل میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی جانی چاہیے، اب پاکستان امن کے لیے امریکا کا ساتھی ہے۔