انتظار کی گھڑیاں ختم، راحت فتح کا نیا گانا غم عاشقی ریلیز

کراچی: موسیقی میں آکسفورڈ یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری حاصل کرنے والے سروں کے سلطان استاد راحت فتح علی خان کے نئے رومنٹک سونگ غم عاشقی تیرا شکریہ دنیا بھر میں بیک وقت ریلیز کردیا گیا۔ اس سے قبل گانے کی ایک جھلک نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی تھی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان نے اردو دنیا کے نامور شاعرہ پروین شاکر کے کلام کو گیت کی شکل دیکر اپنے سننے والوں کے لیے عید کا تحفہ غمِ عاشقی تیرا شکریہ کی شکل میں لائے ہیں۔

اس گانے کی ریلیز کا کئی دنوں سے مداحوں کو بے چینی اور بے قراری سے انتظار تھا۔ اس گیت کی موسیقی نوجوان میوزک ڈائریکٹر کامران اختر نے ترتیب دی ہے جب کہ بین الاقوامی شہرت یافتہ میوزک پروڈیوسر سلمان احمد نے اسے شاندار انداز میں پروڈیوس کیا ہے۔ سلمان احمد اس سے قبل استاد راحت فتح علی خان کا سپر ہٹ سونگ محبت بھی ضروری ہے پروڈیوس کر چکے ہیں۔

استاد راحت فتح علی خان نے بتایا کہ غم عاشقی تیرا شکریہ عید الاضحی کے موقع پر ریلیز کررہے ہیں۔ گانے کے ابتدائی بول ہمارے ملک کی نامور شاعرہ پروین شاکر کے کلام سے لئے گئے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ غم عاشقی سے خود کبھی نہیں گزرا ساری زندگی موسیقی سے عشق کیا ۔تخلیق وقت مانگتی ہے، کورونا کی وجہ سے اپنے نئے گانے تخلیق کرنے کا وقت ملا۔ غم عاشقی تیرا شکریہ اسی وقت میں بنایا۔

راحت نے مزید کہا کہ یہ گیت میرے مداحوں کے لیے عید کا تحفہ ثابت ہوگا۔ علاوہ ازیں استاد راحت فتح علی خان سو سے زیادہ پاکستانی اور بالی وڈ فلموں کے لیے گیت گا چکے ہیں۔ان کی آواز میں ڈراموں کے OST نے دنیا بھر میں مقبولیت کے ریکارڈ قائم کیے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔