مناسک حج کی ادائیگی جاری، غلاف کعبہ تبدیل
مکہ مکرمہ: مکہ مکرمہ میں مناسک حج کی ادائیگی جاری ہے۔ پہلے مرحلے میں عازمین وادی منیٰ پہنچ گئے، حج کا سب سے بڑا رکن وقوف عرفہ آج ادا کیا جارہا ہے۔
عازمین فریضہ حج کے پہلے روز مکہ مکرمہ سے 7 کلومیٹر دور وادی منیٰ پہنچے، کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔
عازمین حج منیٰ میں خصوصی کمپلیکس میں قیام کررہے ہیں جب کہ حج کا سب سے بڑا رکن وقوف عرفہ آج ادا کیا جارہا ہے۔ کورونا کی وجہ سے اس بار صرف سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں اور سعودی شہریوں کو ہی حج کی اجازت دی گئی تھی۔ 70 فیصد عازمین حج غیر ملکی ہیں جو سعودی عرب میں ہی مقیم تھے جن میں مملکت میں مقیم پاکستانیوں کی بھی کثیر تعداد شامل ہے۔
دوسری جانب مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کو غسل دينے اور تبدیلی غلافِ کعبہ کی پروقار تقریب ہوئی۔ خانہ کعبہ کو غسل دينے کے بعد خالص سونے، چاندی کے تاروں اور خالص ریشم سے تیار کردہ غلاف کعبہ تبدیل کیا گیا۔