دورہ انگلینڈ، پریکٹس میچ میں بیٹنگ کی خامیاں کھل کر سامنے آگئیں!
ڈربی: قومی ٹیم ان دنوں دورۂ انگلینڈ پر ہے، جہاں وہ میزبان سے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی۔ اس دوران زیادہ کھلاڑی جانے کے سبب انہیں دو ٹیموں گرین اور وائٹ میں تقسیم کردیا گیا ہے اور ان کے مابین پریکٹس میچ جاری ہے، جس میں بیٹنگ کی ناکامی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، ٹیسٹ ٹیم کے پاکستانی امیدوار اپنے ہی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے، گرین الیون صرف113 رنز پر ڈھیر ہوگئی، 4 روزہ انٹر اسکواڈ پریکٹس میچ میں بابر اعظم 32، محمد رضوان 18 اور شاداب خان 11رنز کی مزاحمت کر پائے، عابد علی، شان مسعود، اظہر علی ڈبل فیگر تک رسائی نہ حاصل کرسکے۔
ٹیم گرین میں کم و بیش ان تمام کرکٹرز کو شامل کیا جو انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلیں گے، پلیئنگ الیون میں عابد علی، شان مسعود، اظہر علی(کپتان)، بابر اعظم، اسد شفیق، محمد رضوان، شاداب خان، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس کو جگہ ملی، ٹیم وائٹ میں وہ تمام کھلاڑی شامل تھے جنھیں دوسرا انتخاب قرار دیا جا سکتا ہے، اس الیون میں فخر زمان، امام الحق، حیدر علی، افتخار احمد، فواد عالم، سرفراز احمد(کپتان)، سہیل خان، فہیم اشرف، کاشف بھٹی، عثمان شنواری اور عمران خان سینئر کو جگہ ملی۔ حیرت کہ ’’بی‘‘ ٹیم کی بولنگ نے ممکنہ ٹیسٹ سائیڈ کی ٹاپ آرڈر کے پرخچے اڑادیے۔
گرین ٹیم صرف 113 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کوئی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔ سہیل خان نے 37 رنز دے کر 5 شکار کیے، فہیم اشرف نے صرف 16 رنز کے بدلے 2 وکٹیں حاصل کیں، عمراں خان سینئر اور کاشف بھٹی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں وائٹ ٹیم نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک 3 وکٹوں پر 88 رنز بنائے۔ سرفراز 6 اور فواد عالم 18 پر بیٹنگ کررہے ہیں۔
پریکٹس میچ کے اگلے روز کا کھیل بارش کے باعث ابھی تک شروع نہیں ہوسکا ہے۔