بھارت کا فرانس سے ہیمر میزائل خریدنے کا معاہدہ!
کراچی: بھارت کا جنگی جنون سر چڑھ کر بول رہا ہے، بھارتی حکومت نے فرانس سے رافیل طیاروں کے بعد ہیمر میزائل خریدنے کا بھی معاہدہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت فرانس کے ساتھ رافیل طیاروں کے معاہدوں کے بعد اب ہیمر میزائلوں کا معاہدہ بھی کررہا ہے، بھارتی فوج 60 سے 70 کلومیٹر کے فاصلے تک مار کرنے والے ہیمر میزائلوں کا معاہدہ بھارتی وزیراعظم مودی کی جانب سے حال ہی میں فوج کو دی جانے والی ایمرجنسی پاورز کے استعمال کے تحت کررہی ہے اور یہ خیال کیا جارہا ہے کہ یہ معاہدہ چین سے حالیہ کشیدگی کے تناظر میں کیا جارہا ہے۔
دھیان رہے بھارت اور چین کے درمیان چند ماہ سے مشرقی لداخ کے مقام پر سرحدی کشیدگی جاری ہے، اس تناظر میں بھارتی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ فرانس نے یقین دلایا ہے کہ یہ میزائل جلد بھارت کے حوالے کردیے جائیں گے اور کسی دوسرے ملک کے لیے تیار کردہ میزائل ہنگامی بنیادوں پر بھارت کو دیے جائیں گے۔
رپورٹس کے مطابق ہیمر میزائل تیار کرنے والی کمپنی سافران الیکٹرونک اینڈ ڈیفنس کے مطابق ہیمر میزائل دور سے ہی آسانی سے استعمال کیا جاسکتا ہے جب کہ میزائل کے آگے لگی گائڈنس کِٹ میں جی پی ایس، انفراریڈ اور لیزر جیسی ٹیکنالوجی فٹ ہوتی ہے جو پہاڑی علاقوں میں دُشوار گزار راستوں میں قائم بنکرز اور دیگر تنصیبات کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
بھارت اور فرانس کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت رافیل کے 5 جنگجو طیاروں کی پہلی کھیپ 29 جولائی کو بھارتی ریاست ہریانہ میں فضائی اڈے پر اترے گی۔