دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کیلیے تیار ہیں، ایئرچیف
اسلام آباد: ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا ہے کہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں بری اور بحری افواج کے ہمراہ بھرپور انداز میں جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے جاری بیان کے مطابق ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پی اے ایف بیس قادری پر جاری آپریشنل مشقوں کا معائنہ کیا اور عملے کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ پاک فضائیہ خطے کی جیو اسٹرٹیجک صورت حال سے بخوبی آگاہ ہے، ہم دشمن کی جانب سے فوجی سازو سامان کی خریداری سے لاعلم نہیں، روایتی جنگ میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ پاک فضائیہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں بری اور بحری افواج کے ہمراہ بھرپور انداز میں جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
ایئر چیف نے مسئلہ کشمیر فوری حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری حل کیا جائے۔