سانس لینے میں دشواری، ایشوریا رائے اور بیٹی ہسپتال منتقل!
ممبئی: ایشوریا رائے بچن اور اُن کی 8 سالہ بیٹی ارادھنا کو ممبئی کے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔ دونوں کا کورونا ٹیسٹ تقریبا ایک ہفتہ قبل مثبت آیا تھا۔
ایشوریا کے شوہر 44 سالہ ابھیشک بچن اور 77 سالہ سسر امیتابھ بچن کورونا سے متاثر ہونے کے بعد پہلے ہی ہسپتال میں ہیں۔
بھارت کی سابق ملکہ حسن اور ٹاپ کلاس اداکارہ ایشوریا اور ان کی بیٹی ارادھنا کا ٹیسٹ گزشتہ اتوار کو مثبت آیا تھا جس کے بعد سے انہوں نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کیا ہوا تھا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ایشوریا اور بیٹی کو سانس لینے میں تکلیف کے بعد ممبئی کے ناناوتی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی خبر رساں ایجنسی کو ہسپتال کے ایک ذرائع نے بتایا کہ وہ ٹھیک ہیں۔
امیتابھ بچن اور ابھیشک بھی اسی ہسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں ہیں، ایک ہفتہ قبل ہسپتال منتقل کرتے وقت بتایا گیا تھا کہ دونوں میں کورونا کی ہلکی علامات پائی جاتی ہیں۔
دونوں کی صحت سے متعلق کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی، تاہم امیتابھ بچن ٹوئٹر پر حسب معمول خاصے سرگرم ہیں۔
جمعہ 17 جولائی کو ٹوئٹر پیغام میں لیجنڈری بھارتی اداکار امیتابھ بچن نے کہا کہ خوشی اور بیماری کے وقت ہمارے قریبی اور پیارے، ہمارے خیرخواہ، ہمارے مداحوں نے ہمیں کبھی نہ ختم ہونے والا پیار دیا۔