وزیراعظم نے کامیاب جوان پروگرام کے دوسرے مرحلے کی منظوری دے دی!
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کے دوسرے مرحلے کی منظوری دے دی ہے۔
وفاقی حکومت نے کامیاب جوان پروگرام کا دوسرا مرحلہ فوری شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی عثمان ڈار سے ملاقات کے بعد پروگرام کی منظوری بھی دے دی ہے۔
حکومت نے دوسرے مرحلے کے لیے 25 ارب روپے جاری کردیے ہیں، حکومتی ہدایات کے مطابق قرض پر مارک اپ میں بھی کمی کردی گئی ہے، دوسرے مرحلے کے لیے مارک اپ 6 سے کم کرکے 3 فیصد کردیا گیا ہے، قرض کی زیادہ سے زیادہ حد 50 لاکھ سے بڑھاکر ڈھائی کروڑ کردی گئی۔
معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ نوجوان اپنے کاروبار کے لیے 1 لاکھ سے ڈھائی کروڑ تک کا قرض لے سکیں گے، فیصلہ کورونا کے باعث معیشت کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر کیا گیا، جو نوجوان مالی مشکلات کا شکار ہیں، وہ اس پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، نوجوان صرف کاروبار کا منصوبہ بنائیں، حکومت بغیر گارنٹی کے قرض دے گی، بغیر گارنٹی قرض کی حد بھی 5 لاکھ سے بڑھاکر 10 لاکھ کردی گئی ہے۔