ماڈل ایان علی کی شوبز میں واپسی کا اعلان!
کراچی: سپرماڈل ایان علی نے سوشل میڈیا کے ذریعے شوبز میں واپسی کا اعلان کردیا۔
گزشتہ چار برسوں سے بیرون ملک مقیم منی لانڈرنگ کیس کی ملزم ایان علی نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ وہ 5 سال بعد شوبز میں واپسی کررہی ہیں اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے ایک یا دو نہیں بلکہ پورے سات گانے ریلیز کرنے کا بھی اعلان کیا۔
ایان علی نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر اپنی لگژری گاڑی لمبوراگنی کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے اپنی پسندیدہ گاڑی میں اپنے آنے والے سات گانے سننے کا۔ میں صرف یہ یقین کرنا چاہتی ہوں کہ ان گانوں کی آواز صحیح ہے یا نہیں، تاکہ آپ سب میری محنت سے لطف اندوز ہوسکیں۔ ایان علی نے یہ بھی کہا کہ یہ ساتوں گانے ایک ہفتے یا زیادہ سے زیادہ دو ہفتوں تک ریلیز ہوجائیں گے۔
یاد رہے ایان علی نے 4 ماہ قبل بھی انسٹاگرام پوسٹ کی تھی اور اپنے گانے’’ارتھ کوئیک‘‘ کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ میرا 5 سال قبل ریلیز کیا گیا گانا آج بھی لوگوں میں بے حد مقبول ہے۔ اس گانے کے ساؤنڈ کلاؤڈ پر 30 ملین سے زائد اور یوٹیوب پر 15 ملین سے زائد ویوز ہیں۔
خیال رہے کہ ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد بے نظیر ایئرپورٹ سے 5 لاکھ سے زائد ڈالرز دبئی اسمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ بعدازاں عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کیا، جس کے بعد وہ بیرون ملک چلی گئیں لیکن درجنوں بار طلبی کے باوجود کرنسی اسمگلنگ کیس میں عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔ جس کے باعث ایان علی کو اشتہاری قرار دیا اور ان کا اپارٹمنٹ بھی ضبط کیا جاچکا ہے۔