لاہور کے شمال میں دبئی طرز کا جدید شہر بسانے کا فیصلہ، اتھارٹی قائم!
لاہور: پنجاب حکومت کا بڑا اقدام، اس نے نیا شہر بسانے کے لیے علیحدہ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، جس کے چیئرمین وزیراعلیٰ عثمان بزدار ہوں گے۔
لاہور کے شمال میں جدید شہر بسانے کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ریور راوی فرنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی جس کے لیے آرڈیننس جاری کیا جائے گا۔ یہ اتھارٹی نیا شہر بسانے کے لیے کام کرے گی۔
نیا شہر دبئی کی طرز پر بسایا جائے گا اور ایک لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر بنایا جائے گا۔ اس میں بلند و بالا عمارتوں کے قیام کو ترجیح دی جائے گی۔
نئے شہر میں ایک بڑی جھیل اور 3 بیراج بھی بنائے جائیں گے۔ نیا شہر بسنے سے نہ صرف لاہور کے ماحولیات، پانی اور ٹریفک کے مسائل پر قابو پایا جاسکے گا بلکہ نجی شعبے کی جانب سے 5 ہزار ارب روپے کی سرمایہ کاری بھی متوقع ہے۔