بھتیجی نے اپنی کتاب میں ٹرمپ کی شخصیت کا پوسٹ مارٹم کردیا!
واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھتیجی میری ٹرمپ نے اپنی کتاب میں چچا کو جھوٹا اور خودپسند شخص ٹھہرایا ہے۔
میری ٹرمپ کی کتاب کا ٹائٹل ‘بہت زیادہ اور ہمیشہ ناکافی’ جب کہ سب ٹائٹل ‘کس طرح میرے خاندان نے دنیا کا سب سے خطرناک انسان تخلیق کیا‘ رکھا ہے۔
میری امریکی صدر کے بڑے بھائی آنجہانی فریڈ ٹرمپ جونیئر کی بیٹی ہیں اور امریکی صدر ان کے سگے چچا ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق کتاب میں ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق حیران کن انکشافات کیے گئے ہیں۔
میری ٹرمپ نے لکھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ گھمنڈ، خودپسند اور خودساختہ جہالت کا شکار ہیں۔
امریکی صدر کی بھتیجی نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اچھی یونیورسٹی میں داخلے کے لیے اپنے دوست کو بڑی رقم ادا کرکے اسے اپنی جگہ امتحان میں بٹھوایا تھا۔
میری ٹرمپ کے مطابق امریکی صدر کو خواتین سے مسئلہ ہے، وہ لکھتی ہیں کہ ٹرمپ نے ایک طرف انپیں منشیات کا عادی قرار دیا، دوسری جانب انہیں نوکری آفر کرکے خود کو ان کا نجات دہندہ کے طور پر پیش کیا۔
میری ٹرمپ مزید لکھتی ہیں کہ انہوں نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کو ٹرمپ فیملی کے ٹیکس سے متعلق دستاویزات فراہم کیں۔
میری ٹرمپ نے کلینیکل سائیکولوجی میں ڈگری حاصل کررکھی ہے، انہوں نے اپنے چچا سے متعلق لکھا ہے کہ ‘ڈونلڈ ٹرمپ ایک کمزور انا کے مالک ہیں اور اسے مضبوط کرنے میں لگے رہتے ہیں، کیوں کہ انہیں معلوم ہے کہ وہ ویسے نہیں جس طرح وہ خود کو پیش کرتے ہیں’۔
میری ٹرمپ کی کتاب 14 جولائی کو شائع کی جائے گی جب کہ دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے ان دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کتاب کی اشاعت روکنے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی ہے۔