مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 53 ویں برسی!

کراچی: مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی رحلت کو 53 برس بیت گئے، قائداعظم کے ساتھ انہوں نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنے عظیم بھائی کی ہر موقع پر ہمت بندھائی جب کہ 60 کی دہائی میں انہوں نے سیاسی نقشے پر حیرت انگیز اثرات چھوڑے۔
محترمہ فاطمہ جناح قائداعظم محمد علی جناح کے بہن بھائیوں میں ان کے سب سے زیادہ قریب تھیں، وہ 31 جولائی 1893 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔
انہوں نے انگریزوں کے خلاف آزادی کی جدوجہد میں ناصرف بانی پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا بلکہ وہ بے شمار دوروں میں قائداعظم کی شریک سفر بھی رہیں۔
قائد ان کے ساتھ اکثر و بیشتر مختلف سیاسی وانتظامی معاملات پر مشورہ کرتے تھے۔ انہوں نے ایک موقع پر فاطمہ جناح کے لیے کہا تھا کہ وہ ان کے لیے اس وقت امید کا مستقل ذریعہ ثابت ہوئیں جب مسلمانان ہند کو ایک بڑے انقلاب کا سامنا تھا۔
بانی پاکستان کے انتقال کے بعد فاطمہ جناح، عملی سیاست سے کنارہ کش ہوگئیں، مگر 1964 میں جب جمہوریت کے بجائے ملک میں آمریت کی جڑیں پھیلنے لگیں تو وہ ایک مرتبہ پھر عملی طور پر میدان میں اتر آئیں۔
9 جولائی 1967 کو مادر ملت فاطمہ جناح کا وصال ہوگیا، انہیں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے پہلو میں سپردخاک کیا گیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔