چوہدری شجاعت کا وزیر اعظم کو خط ان کی جمہوری سوچ کا عکاس ہے: محمد طارق حسن

کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر محمد طارق حسن نے کہا ہے کہ کسی بھی صورت آزادی اظہار اور ریاست کے چوتھے ستون پر قدغن برداشت نہیں کی جائے گی، عوام تک معلومات پہنچانے والے اداروں کے ساتھ ناانصافی قابل قبول نہیں۔
محمد طارق حسن کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ق کے مرکزی صدر چوہدری شجاعت حسین نے جمہوری اقدار کے لیے ہمیشہ آواز بلند کی، ان کا وزیراعظم کو حالیہ خط اس بات کا عکاس ہے، خط میں انھوں نے کہا کہ وہ پہلے بھی وزیر اعظم کو میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کے حوالے سے آگاہ کرچکے ہیں، اب 24 نیوز چینل کی بندش سے یہ تاثر پیدا ہو رہا ہے کہ ریاست کے چوتھے ستون کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ مسلم لیگ ق سندھ کے صدر محمد طارق حسن نے کہا شجاعت نے ہمیشہ سچ کا ساتھ دیا اور جمہوریت کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی، ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور تمام مسلم لیگ کے کارکن ان کی ایک آواز پر ان کے ساتھ ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے سیکریٹری اطلاعات محمد صادق شیخ اور فیصل علی بلوچ نے کہا کہ 24 نیوز چینل کی بندش کسی طور قابل قبول نہیں اسے فوری طور پر پیمرا کھولنے کے احکامات دے اور آزادی رائے سے کسی کو نہ روکا جائے ماسوائے اس کے کہ ملک کے خلاف یا افواج پاکستان یا قومی معاملات پر کوئی غلط پراپیگنڈہ نہ کرے، آزادی اظہار کو سلب کرنا جمہوری اقدار کے منافی ہے۔
ہماری قیادت نے ہمیشہ سندھ میں صحافی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے، کارکنان اپنے لیڈران کے جمہوریت کے مشن کو آگے لیکر بڑھیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔