سائرہ پیٹر کورونا سے متاثر فنکاروں کے لیے چیریٹی شوز کریں گی
کراچی: پاکستانی نژاد برطانوی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے متاثرہ فنکاروں اور ان کی فیملی کو سپورٹ کرنے کے لیے آن لائن کنسرٹ کریں گی، جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
عالمی شہرت یافتہ صوفی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر ان دنوں لندن میں موجود ہیں، وہ کورونا سے متاثرہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے پاکستانی فن کاروں، گلوکاروں، موسیقاروں، کیمرہ مینوں اور دیگر ہنرمندوں کی مدد کے لیے آئندہ ماہ سے ان لائن شوز میں آواز کا جادو جگائیں گی۔
سائرہ پیٹر کا کہنا ہے کہ ہم اپنے پاکستانی فن کاروں کو پریشانی کے اس عالم میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ حالات بہتر ہورہے ہیں، لیکن روزانہ اجرت پر کام کرنے والے فن کاروں کو بہت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اسں لیے ہم نے لندن سے ان لائن کنسرٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہماری ٹیم نے اس سلسلے میں تیاریاں شروع کردی ہیں اور جیسے ہی کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال بہتر ہوگی، میں پاکستان پہنچ کر اپنے ساتھی فن کاروں سے ملاقات کروں گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ میں لندن میں رہتی ہوں، لیکن میرا دل پاکستان میں دھڑکتا ہے۔