وڈیو اسکینڈل میں ملوث جج ارشد ملک برطرف!
لاہور: عدالت عالیہ نے وڈیو اسکینڈل میں ملوث جج ارشد ملک کو عہدے سے برطرف کردیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ قاسم خان کی سربراہی میں انتظامی کمیٹی نے ارشد ملک کو برطرف کرنے کا فیصلہ سنایا، لاہور ہائی کورٹ نے بطور انکوائری آفیسر جج ارشد ملک کو قصوروار قرار دیا تھا۔ ارشد ملک احتساب عدالت لاہور میں بطور جج تعینات تھے، انہوں نے ایف آئی اے سائبر کرائم کو ن لیگی حامیوں کی جانب سے بلیک میل کرنے سے متعلق درخواست دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ان کی ایک غیر اخلاقی ویڈیو کے سبب ان پر نواز شریف کی سزا سے متعلق سودے بازی کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔
واضح رہے کہ جج ارشد ملک نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز کے مقدمے میں 7 سال قید کی سزا سنائی تھی جب کہ فلیگ شپ ریفرنس میں اُنہیں بری کردیا تھا۔